65 اور 71 کی جنگوں میں کارنامے دکھانے والے ونگ کمانڈر طارق حبیب انتقال کرگئے


1965 اور 1971کی پاک بھارت جنگوں میں شاندار کارنامے دکھانے والے پاک فضائیہ کے مایہ ناز ہوا بازونگ کمانڈر (ریٹائرڈ) طارق حبیب خان طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق حکومت پاکستان نے ان کی بہادری اور جرات کے اعتراف میں انہیں ستارہ جرأت سے نوازا تھا۔

انہیں آج مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ چکلالہ میں پاک فضائیہ کے قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ، ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے عظیم جنگی ہیرو کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ ائیر چیف نے پاک فضائیہ کے ہیرو کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک غیر معمولی فائٹر پائلٹ اور ایک محب وطن پاکستانی تھے جنکی مادرِ وطن کی خاطر سر انجام دی گئی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انکی نمازِ جنازہ پی اے ایف بیس نور خان میں ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں جنگی ہیروز، اعلیٰ سول و ملٹری شخصیات اور زندگی کے دوسرے شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔


متعلقہ خبریں