اسلام آباد: چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) جہانزیب خان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے 25 فیصد ٹیکس ادائیگی کردی۔
انہوں نے بتایا کہ علیمہ خان کے خلاف بھی قوانین کے مطابق ہی کارروائی کی جارہی ہے، ان سے بھی ریکوری کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں بھارت کی نسبت پیچیدگیاں زیادہ ہیں، پاکستان میں ٹیکسز کا نظام مزید مربوط آسان بنانے پر کام کر رہے ہیں۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ پاکستان میں اشیاء کے نقل وحمل پر پابندی عائد نہیں ہے، اسمگلنگ کے خاتمہ کیلئے سنجیدگی سے کام کررہے ہیں، ہمارے بارڈر سے اسمگلنگ کی شکایات ملتی رہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکسوں کے نظام کو نیشنل فنانس کمیشن واچ کرتا ہے، صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے ترغیب دی جاتی ہے، صوبوں کو ساتواں این ایف سی ایوارڈ اب دیا جائے گا۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ تمام تر توجہ ٹیکسز کو آسان اور کم سے کم کرنا ہے تاکہ تاجر اور لوگ خوش ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلا وجہ ٹیکسز کا بوجھ ڈالنے کے حق میں نہیں ہے، ٹیکس کلچر کے ذریعے ٹیکس نیٹ میں اضافہ کررہے ہیں۔