سی این جی پر چلنے والی اسکول وینز کیخلاف حتمی ایکشن کا فیصلہ


کراچی: حکومت سندھ نے اپنی اسکول وینز میں سی این جی سیلینڈرز لگانے والے ڈرائیورز کے خلاف حتمی ایکشن کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں پرائیوٹ اسکولز انسٹیٹویشنز کے ڈائریکٹر منسوب صدیقی، ڈی آئی ٹریفک جاوید اوڈھو اور دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں پولیس، ٹرانسپورٹ اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسکول وینز سے ہر صورت سی این جی سلنڈرز نکالے جائیں گے۔

اویس قادر شاہ نے اس موقع پر کہا کہ کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے، بچوں کا تحفظ ہرصورت یقینی بنائیں گے اور کسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ تمام اسکول وینز سے سی این جی سلنڈرز نکالنے کےلیے گرینڈ آپریشن کرے گا۔

ٹرانسپورٹ، ایکسائز، ٹریفک پولیس، محکمہ تعلیم پر مشتمل ضلعی کمیٹیاں نجی اسکولز کا سروے کریں گی جبکہ سی این جی سلنڈرز نہ نکالنے والے ٹرانسپورٹرز کےخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

فیصلے کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ و ٹریفک پولیس کے قواعد پر عمل نہ کرنے والے نجی اسکولز کی رجسٹریشن منسوخ کی جائیں گی۔


متعلقہ خبریں