رمشا قتل کیس: چار ملزمان میں سے ایک گرفتار


خیرپور کی تحصیل گولاڑچی میں 13 سالہ رمشا کو غیرت کے نام پر قتل کیس میں چار ملزمان میں سے ایک غفار وسان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ایس ایس پی خیرپور عمر طفیل کے مطابق ملزم کی شناخت مقتول رمشا کی والدہ نے کی۔

اس سے قبل ہم نیوز کی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی خیرپور عمر طفیل نے ایس ایچ او کنب کو معطل کرکے ایس ایچ او امیر حسین پٹھان کو مقرر کردیا تھا۔

ادھر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی ایس ایس پی خیرپور کو فون کرکے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ واقعات نا قابل برداشت ہیں، کیس کی پیش رفت سے متعلق آگاہ کیا جائے۔

ادھر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے واقعے کی مذمت کے بجائے قواعد کی اہمیت پر زور دیا ۔

جی ڈی اے کی نصرت سحر عباسی نے کہا کہ اسمبلی میں موجود مائیں بہنیں اس ظلم پر چپ نہیں بیٹھیں گی۔

پیپلز پارٹی کے اراکین کا موقف ہے کہ ایوان کو قوائد کے ساتھ چلایا جاتا تو اس مسئلے پر بات ہو سکتی تھی اپوزیشن اراکین کا موقف ہے کہ جب زینب کے معاملے پر بزنس معطل ہو سکتا تھا تو رمشا کے لئے کیوں نہیں کیا گیا۔


متعلقہ خبریں