اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بچوں کی دماغی اور جسمانی نشوونما میں رکاوٹ بننے والے پیٹ کے کیڑوں کے علاج کی تیاری کرلی ہے۔
وفاقی وزرات صحت، منصوبہ بندی اوروفاقی ایجوکیشن کے تعاون سے اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں پانچ سے پندرہ سال کے درمیان عمر کے بچوں کے لیئے مہم کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کے دوران پیٹ کے کیڑوں کے علاج کے لیے بچوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد محمد حمزہ شفقات نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلام آباد کے رہائشی اپنے 5 سے 15 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو 31 جنوری 2019 کو پیٹ کے کیڑے ختم کرنے کی دوا اپنے قریبی سرکاری سکول سے ضرور دلوائیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد محمد حمزہ شفقات کا اسلام آباد کے رہائشیوں کے نام اہم پیغام
اپنے 5 سے 15 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو 31 جنوری 2019 کو پیٹ کے کیڑے ختم کرنے کی دوا اپنے قریبی سرکاری سکول سے ضرور دلوائیں pic.twitter.com/bEoWPcvSTx
— Muhammed Hamza Shafqaat (@hamzashafqaat) January 30, 2019
حکومت کی جانب سے والدین سے درخواست کی گئی ہے وہ 31 جنوری کی صبح اپنے بچوں کو قریبی سرکاری اسکولوں میں بھیجیں تاکہ ان کا علاج کیا جاسکے۔
ماہرین کے مطابق پیٹ کے کیڑے بچوں کی دماغی اور جسمانی نشوونما میں رکاوٹ پیدا کرتے ہیں۔
حکومت کی درخواست پر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی طرف سے تحفہ دی گئی ادویات سے بچوں کا علاج کیا جائےگا۔
وزرات منصوبہ بندی کی ایک رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں پانچ سے پندرہ سال کی عمر کے درمیان کے پانچ لاکھ 70,000 بچوں کے پیٹ کے کیڑوں سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس کے سدباب کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
پیٹ کے کیڑوں سے متعلق پاکستان میں پہلی بار یہ قدم اٹھایا گیا ہے جبکہ بھارت میں 10 فروری کو اس بیماری کے خاتمے کا باقاعدہ دن منایا جاتا ہے۔