ملک میں صدارتی نظام کے لئے ماحول بنایا جا رہا، رحمان ملک



اسلام آباد: سینیٹر اور سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال میں جو لوگ مارے گئے ہیں انہیں شہید سمجھتا ہوں، اس واقعے میں لوگوں کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ساہیوال کے لواحقین کو سیکیورٹی دی جائے گی۔ لواحقین نے جے آئی ٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقتول ذیشان کی والدہ نے بتایا ہے کہ وہ گزشتہ 25 سالوں سے اس علاقے میں قیام پذیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ذیشان دہشت گرد بھی تھا تو اسے مارا کیوں گیا؟ قانون کہتا ہے کہ دہشت گرد کو بھی گرفتار کرنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو جوڈیشل کمیشن بنانے کے لئے خط لکھ دیا ہے۔ذیشان کو قتل کرنے کے بعد ثبوت ڈھونڈے جا رہے ہیں۔

رحمان ملک نے کہا کہ آصف علی زرداری پر الزامات محض الزامات ہیں ہم ان سے نکلنا بھی جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسا ماحول بنایا جا رہا کہ ملک میں صدارتی نظام لایا جا رہا ہے اور 18 ویں ترمیم کو ختم کیا جا رہا ہے۔

آصف زرداری کو ایک ایک پیسے کا حساب دینا ہو گا، خرم شیر زمان

صدر پی ٹی آئی کراچی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کی نااہلی کے لئےاسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے اثاثے چھپائے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ یہ کیس پانامہ سے بھی بڑا کیس ہے۔

ان کا کہنا تھا ہمارا یہ موقف ہے کہ زرداری صاحب نے الیکشن کمیشن میں اپنے اثاثوں کی تفصیلات میں کچھ اثاثے چھپائے ہیں لہٰذا انہیں نا اہل کیا جائے۔

انہوں نے کہا پاکستان تحریک انصاف کو لوگوں نے احتساب کے نام پر ووٹ دیا ہے ہمارا یہ فرض ہے کہ ہم کرپٹ لوگوں کے خلاف آواز اٹھائیں، زرداری کو ایک ایک پیسے کا حساب دینا ہو گا۔

دہشت گردی کے سدباب کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،آئی جی بلوچستان

آئی جی بلوچستان محسن بٹ نے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ سرحدی علاقوں میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم اس کے سدباب کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا خودکش دھماکوں روکنا بہت مشکل ہوتا ہے، لورالئی حملے کے وقت بھرتی کے لئے نوجوانوں کا ٹیسٹ ہو رہا تھا تام انہیں باحفاظت نکال لیا گیا۔

صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے دہشت گردوں کی کارروائی کو ناکام بنایا ہے۔


متعلقہ خبریں