‘سعودی حکمران 14 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کریں گے’

فوٹو: فائل


ملتان : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کہ سعودی حکمران اگلے ماہ پاکستان کے دورے کے دوران 14 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کریں گے جبکہ سعودی عرب کی جانب سے تین ارب ڈالر کا تیل بھی ادھار دیا جائے گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہفتے کے روز اپنے حلقے این اے 156 کا دورہ کیا جہاں انہوں نے حلقے کے مختلف یوسیز کے نمائندوں سے ملاقات کی۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا قطر کا دورہ انتہائی کامیاب رہا۔قطرہندوستان کی بجائے پاکستان سے اجناس خریدےگا۔

انہوں نے بتایا کہ امیر قطرنے پاکستان میں ہاؤسنگ سیکٹر، زراعت اور کئی شعبوں میں معاہدوں کا اعلان بھی کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مختلف ملکوں کے ساتھ تعلقات بتدریج بہترہورہے ہیں، پاکستان کا مفاد اور خطے میں امن کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔ معاشی سفارت کاری کی بدولت بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔

’جنوبی پنجاب صوبہ اٹل حقیقت ہے‘

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبہ اٹل حقیقت ہے، تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے عوام کےمینڈیٹ کا احترام کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے قیام کے لیے ہوم ورک کا آغاز کردیا گیا ہے، نئے صوبے کی قانون سازی کے لیے دوسری جماعتوں کا تعاون درکار ہے، عوام دوست پالیسیاں بنارہے ہیں، عوام مثبت تبدیلی محسوس کریں گے۔

خیال رہے کہ عام انتخابات میں کامیابی کے بعد پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی عمران خان سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔

ملاقات کے دوران انہوں نے شہزادہ سلمان کے دورے کے حوالے سے بتایا تھا کہ اس کے دوران وہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے ایک نئے دور کی بنیاد ڈالیں گے۔


متعلقہ خبریں