مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی صورتحال پرشیریں مزاری کا اظہارتشویش

اسلام آباد:وفاقی وزیر ڈاکٹرشیریں مزاری سے پروفیسرنذیراحمد کی ملاقات


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے عالمی برداری پراپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا ہے۔

یہ بات وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹرشیریں مزاری نے چیئرمین ساؤتھ ایشیا سنٹرفارپیس اینڈ ہیومن رائٹس پروفیسر نذیراحمد شاول نے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پرآزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ قانون کے سربراہ ڈاکٹر عدنان رحمان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈاکٹر شیریں مزاری اور پروفیسر نذیراحمد شاول کے درمیان ملاقات میں بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال، کشمیریوں کے سلب شدہ بنیادی حقوق اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر شیریں مزاری نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی صورتحال پرتشویش کا اظہارکیا۔ انہوں نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے معاملے کو عالمی سطح اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے سامنے اٹھانے کے لیے ہرممکن کوشش کی یقین دہانی کرائی۔

وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی اور نہتے کشمیریوں پر مظالم کیخلاف آواز بلند کرنی چاہیے اور مسئلہ کشمیرکے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں انسانیت کیخلاف جرم ہیں۔ بھارت نے طاقت کے بول بوتے پرکشمیریوں کو عالمی قراردادوں سے ملے ہوئے بنیادی حق سے محروم کررکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے خواتین، انسانی حقوق کیخلاف منظم کارروائیوں سے ہم واقف ہیں اور مسئلے کے حل کے لیے استصواب رائے سے بھی آگے بڑھیں گے۔

ڈاکٹر شیریں مزاری نے اقوام متحدہ کے کمشنر برائے انسانی حقوق کو دورہ پاکستان کی دعوت سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

 


متعلقہ خبریں