اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی اور 15 ہزار سے زائد پاکستانیوں سے خطاب بھی کیا۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے امیر قطر کی دعوت پر دو روزہ دورہ کیا جس میں انہوں نے امیر قطر سے ون آن ون ملاقات بھی کی۔
انہوں نے بتایا کہ دو طرفہ مذاکرات میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے مواقع پر بات چیت کی گئی۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم کی قطری بزنس لیڈرز سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ امیر قطر نے عمران خان کو پاکستان کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے کرتار پور راہداری معاہدے کا ڈرافٹ بھارت کے ساتھ شئیر کیا ہے۔ ہم نے اپنا فوکل پرسن مقرر کیا اور بھارت کو بات چیت کے لیے دعوت بھی دی ہے۔
مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ شہر بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارت کی جانب سے پیلیٹ گنز کے استعمال کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی انسانی حقوق کونسل کی رپورٹ پر بات کی ہے۔ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر کے ساتھ بھی یہ معاملہ اٹھایا ہے۔
معاون خصوصی وزیراعظم ذلفی بخاری کے دورہ عراق کے حوالے سے ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ حکومت آنے کے بعد کسی بھی حکومتی عہدیدارکا یہ پہلاعراق کا دورہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کہ ذلفی بخاری نےعراق کے صدر اورعراقی ہم منصب سے بھی ملاقات کی ہے۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا گیا ہے۔