جنوبی افریقہ کے دوران میچ میں نازیبا الفاظ، سرفراز نے معافی مانگ لی

سرفراز احمد نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں نازیبا الفاظ ادا کیے تھے—فائل۔


پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے دوران نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر معافی مانگ لی۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں سرفراز کا کہنا تھا کہ اگر میچ کے دوران غصے میں کہے گئے الفاظ سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو معافی مانگتا ہوں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ میرے الفاظ حالات پر مبنی تھے کسی کی دل آزاری کرنا مقصد نہیں تھا، میرے الفاظ کسی ساتھی کرکٹر یا مخالف ٹیم کیلئے نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ مخالف ٹیم سے ہمیشہ اچھے تعلقات بنائے اور مستقبل میں گراؤنڈ یا گراؤنڈ سے باہر اسی کو برقرار رکھوں گا۔

ایک روزہ میچ کے دوران سرفراز احمد نے مبینہ طور پر جنوبی افریقا کے سیاہ فام کھلاڑی اینڈائل پھلا کوائیو کے حوالے سے تضحیک آمیز جملہ ادا کیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر تنازع پیدا ہوگیا تھا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے بھی سرفراز احمد کے رویے کو افسوسناک قرار دیا تھا۔

سابق فاسٹ باؤلر شعیب اخترنے واقع کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے واضح کیا تھا کہ اس طرح کے کمنٹس کا سخت نوٹس لیا جائے گا اوروہ معطل بھی ہوسکتے ہیں۔

عالمی میڈیا کے مطابق جوہانسبرگ کے ایک ہوٹل میں سرفرازاحمد اور میچ ریفری رانجن مدوگا لے کے درمیان ملاقات ہوئی جس کے بعد میچ ریفری نے اپنی رپورٹ مزید کارروائی کے لیے آئی سی سی کو بھیج دی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اپنی غلطی کا اعتراف کیا ہے لیکن ساتھ ہی واضح کیا ہے کہ ان کے جملے سے نسلی تعصب کا تاثر لینا درست نہیں ہے۔

اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کا مؤقف ہے کہ نادانستگی میں اورمیچ کی صورتحال کے باعث انہوں نے فقرہ کس دیا تھا۔


متعلقہ خبریں