لڑکیوں کا کرکٹ کھیلنا بہت ضروری ہے، احسان مانی


چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں خواتین کرکٹ میں نیا ٹیلنٹ سامنے نہیں آ رہا ہے  اس لیے لڑکیوں کا کرکٹ کھیلنا بہت ضروری ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹاسک رپورٹ بنا کر حکومت کو پہنچا دی گئی ہے۔ ملک میں اسپورٹس کلچرل پروان چڑھانا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھی کارکردگی نہیں دکھائی تھی، اس وجہ سے سب بہت مایوس نظر آتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) بہت اچھا ٹورنامنٹ ہے، تین سالوں سے یہ ٹورنامنٹ کامیاب جا رہا ہے۔

اگلے دو سالوں میں پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کی خواہش کا اظہارکرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ پی ایس ایل کے اگلے سیزن کے آدھے میچز پاکستان میں منعقد کرنا چاہتے ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ملک میں انٹرنیشل کرکٹ کی بحالی کے لیے دیگر ممالک سے بات کر رہے ہیں، اے بی ڈیویلیئرز سمیت دیگرغیر ملکی کرکٹرز پاکستان آنے کے لیے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اسپورٹس اسٹرکچر، ڈویلپمنٹ اور احتساب ہونا چاہیے، حکومت جو فنڈز فراہم کرتی ہے ان کا احتساب لازمی ہے۔

احسان مانی  کے مطابق کسی بھی ملک میں حکومت کے پیسوں سے کھیل نہیں چل سکتے۔ پی سی بی کی طرح دیگر اسپورٹس فیڈریشنز کو بھی خود فنڈز پیدا کرنا ہوں گے۔


متعلقہ خبریں