عدلیہ میں کرپشن انصاف کا قتل ہے، چیف جسٹس


اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ عدلیہ میں کرپشن انصاف کا قتل ہے۔ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں ںے ملک کے لیے کام کیا۔

سپریم کورٹ میں جسٹس ثاقب نثار کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس کی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ججوں کا کام انتہائی مشکل ہے۔ میں نے ججز کے ضابطہ اخلاق کے اندر رہتے ہوئے کام کیا جب کہ آئین میں تعین کردہ حق زندگی، تعلیم اور صحت کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی۔

انہوں ںے کہا کہ اس عدالت نے کئی معرکتہ الآراء فیصلے دیے ہیں۔ سب سے پہلے گلگت بلتستان کا فیصلہ ہے جب کہ ملک میں پانی کی کمی کا نوٹس بھی لیا اور آبادی میں تیزی سے اضافے کا معاملہ بھی اٹھایا۔

جسٹس ثاقب نثار نے دوران چیف جسٹس کیے گئے کاموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ میں نے نہ صرف پسے ہوئے لوگوں کے حقوق کے لیے کام کیا بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق بھی دلوایا اور ہر شخص کو عزت سے زندگی گزارنے کا حق دیا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے نجی اسپتالوں کی فیسوں، خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈ کے مسائل اور طیبہ سمیت گھروں میں کام کرنے والے بچوں کے بھی نوٹسز لیے۔ مجھے لوگوں نے جو عزت دی میں نے اُسے لوٹانے کی کوشش کی۔


متعلقہ خبریں