پی آئی اے کی پروازوں میں اب قصیدہ بردہ شریف پڑھا جائیگا


اسلام آباد:پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی پروازوں کے دوران موسیقی کے بجائے اب قصیدہ بردہ شریف سنایا جائے گا۔

یہ فیصلہ پی آئی اے کے چیئرمین ایئر مارشل ارشد ملک کی ہدایات کے بعد لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قصیدہ بردہ شریف پرواز سے قبل بورڈنگ کے دوران سنایا جائے گا جبکہ اسے بوئنگ 777 طیاروں پر آزمائشی بنیادوں پر پہلے ہی سنایا جارہا ہے۔

پی آئی اے ترجمان مشہود تاجور کے مطابق قصیدہ بردہ شریف جدہ سے مدینہ جانے والی پروازوں میں ٹیکسنگ کے دوران بھی سنایا جائے گا۔

ترجمان نے بتایا کہ قصیدہ بردہ شریف اندرون اور بیرون ملک جانے والی تمام پروازوں میں سنایا جائے گا۔

اس سے قبل وفاقی حکومت نے پی آئی اے کے طیاروں سے متعلق 12 سالہ رپورٹ ایوان میں پیش کی۔

رپورٹ کے مطابق 12 سال میں پی آئی اے کے طیاروں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی۔

وزیر ہوا بازی ڈویژن میاں محمد سومرو کے مطابق سال 2007 میں ہوائی جہازوں کی تعداد 42 جبکہ سال 2008 میں یہ تعداد 43 تھی۔

انہوں نے بتایا کہ سال 2013 میں طیاروں کی تعداد 36 جبکہ سال 2018 میں طیاروں کی تعداد 32 تھی۔


متعلقہ خبریں