شہبازشریف نے زرداری کو اسلام آباد میں گھسیٹا، جہانگیرترین


اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ شہباز شریف نے آج بہادری سے آصف زرداری کو اسلام آباد میں گھسیٹا‘‘۔

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’’آج خادم اعلیٰ نے جس بہادری اور جانفشانی سے آصف زرداری کو اسلام آباد میں گھسیٹا ہے اس پر دونوں پارٹیوں کو مبارک باد دیتا ہوں‘‘۔


پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے اردو میں لکھے گئے پیغام میں کہا کہ’’عمران خان کے الفاظ ایک بار پھر سچ ہوئے کہ یہ دونوں پارٹیاں کرپشن بچانے کے لیے ہمیشہ ساتھ ہیں‘‘۔

ہم نیوز کے مطابق منگل کے دن قومی اسمبلی اجلاس کے بعد قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے مدعو کرنے پر جب سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری ان کے چیمبر میں گئے جہاں اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا تو سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے ان کا استقبال کیا۔

پی پی پی کے شریک چیئرمین کے ہمراہ چیئرمین بلاول بھٹو، سید نوید قمر، شیری رحمان، سید خورشید احمد شاہ اور دیگر بھی تھے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے حوالے سے مشہور ہے کہ وہ انتخابی جلسوں میں علی الاعلان آصف علی زرداری کو گھسیٹنے کا دعویٰ کرتے رہے تھے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے چیمبر میں منعقدہ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں نے طے کیا کہ وہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مشترکہ حکمت عملی اپنائیں گی اور حکومت کو ٹف ٹائم دیں گی۔


متعلقہ خبریں