آسٹریلوی ہدایتکار اور اداکارہ مارگوٹ رابی “باربی” کے نئے لائیو ایکشن ری میک میں مشہور اور متنازعہ ڈول کا کردار ادا کریں گی۔
معروف امریکی کمپنی میٹل اور فلم اسٹوڈیو وارنر بروس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ دونوں فریقین پارٹنرشپ میں فلم بنائیں گے اور 28 سالہ اداکارہ مارگوٹ رابی بھی فلم کی ہدایتکاری میں حصہ لیں گی۔
فلم اسٹوڈیو کی جانب سے فلم کی کہانی یا ریلیز ہونے سے متعلق کوئی تاریخ نہیں بتائی گئی۔
واضح رہے کہ مارگوٹ رابی کو 2017 میں معروف فلم آئی اسکیٹنگ میں اداکاری پر آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔
2016 میں ایک اور کامیاب فلم سوسائیڈ اسکواڈ میں کردار ادا کرنے والے رابی پرامید ہیں کہ ان کی نئی آنے والی فلم بچوں اور بڑوں پر مثبت تاثر ڈالے گی۔
باربی نامی گڑیا دنیا بھر میں بے حد مقبول ہے اور اس سے متعلق متعدد اینی میٹڈ فلمیں بنائی جا چکی ہیں۔
2014 میں باربی کی ساخت پر تنقید کے بعد اس کی فروخت میں کافی کمی دیکھنے میں آئی جس کے بعد کھلونے بنانے والی معروف امریکی کمپنی میٹل نے باربی ڈول کو مخلتف انداز میں متعارف کرایا جن میں باربی کو حجاب میں بھی دکھایا گیا۔