اسلام آباد: وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عہدوں کی وجہ سے نام ای سی ایل پر رکھے یا نکالے نہیں جاتے بلکہ کردار کی وجہ سے ایسا ہوتا ہے۔ مراد علی شاہ کا فلم ’ٹھگس آف پاکستان‘ میں اہم کردار ہے۔ وہ سندھ کے وزیرخزانہ رہے ہیں۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہا کہ مرادعلی شاہ کے معاملے میں سپریم کورٹ کا حکم سر آنکھوں پر لیکن وزیراعلیٰ سندھ کے استعفے کے مطالبہ پر قائم ہیں، شفاف احتساب کے لیے مراد علی شاہ کا استعفیٰ ضروری ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ٹھگس آف پاکستان میں انٹرول چل رہا ہے جو جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی نے جتنے بھی اکاؤنٹ دیے اومنی گروپ یا آصف علی زرداری گروپ نے کسی سے انکار نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ تمام بڑے چور جیلوں میں ڈالیں گے اور نوے فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، ہم نے اس میں کچھ نہیں صرف تفتیشی ایجنسیوں کو کھلی اجازت دی ہے کام کرنے کی۔
یہ کہنا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے مقدمات شروع کیے ہیں غلط ہے، تمام مقدمات 2015 اور 2016 میں شروع ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اپوزیشن نے چارٹر آف کرپشن پر سائن کئے ہوئے تھے جو اب ختم ہو گیا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے کہا جے آئی ٹی کی جانب سے اٹھائےگئے نقات پر کوئی بھی اعتراض سپریم کورٹ نے قبول نہیں کیا۔ انہوں نے کہا اومنی گروپ، بحریہ ٹاؤن، زرداری، فریال تالپور کے اعتراضات قبول نہیں کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی نے عدالت کو سفارش کی تھی معاملہ نیب کو بھیجا جائے جو عدالت نے بھیج دیا۔ شہزاد اکبر نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق مرادعلی شاہ اور دیگر ناموں کو جے آئی ٹی سے نکال دیا جائے گا۔
معاون خصوصی شہزاد اکبر کا کہنا تھا وزیراعلیٰ کو استثنیٰ نہیں دی گئی جب ان کو بلایا جائے گا،ان کو جانا ہوگا۔