چیئرمین واپڈا نےجھوٹ بولنے کی کوشش کی، عظمیٰ بخاری


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج چیئرمین واپڈا کی کانفرنس سنی، انہوں نے ناصرف چیزوں کو بہت غلط طریقے سے بیان کرنے کی کوشش کی بلکہ جھوٹ بولنے کی کوشش کی جو کسی طور بھی ٹھیک نہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام “نیوزلائن” میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے مہمند ڈیم کے تعمیر دیے گئے ٹھیکے کی بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت سے سوال کیا جائے تو وزرا کہتے ہیں ہمیں کچھ نہیں پتا جبکہ وہ سب کچھ جانتے ہیں۔ حکومت سے کوئی کچھ پوچھنے والا نہیں اسی لیے وہ جو دل میں آرہا ہے کررہی ہے۔

رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ حکومتی لوگ باتیں کرتے ہیں لیکن یہ معاملہ اتنے گھنٹوں سے میڈیا پر چل رہا ہے، اس پر عمران خان نے کوئی نوٹس کیوں نہیں لیا، ویسے تو انہیں تمام باتوں کا علم ہوتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کس طریقے سے بات کرتے ہیں؟ صرف چھ سو وٹوں سے جیت  کرآنے پر یہ اتنا غرور ہے، تحریک انصاف پر جو بدتمیزی کا ٹھپا لگتا ہے وہ بالکل ٹھیک ہے۔

 عمران خان نے پوری قوم کو شعور دیا ہے، شبلی فراز

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اس مقام تم پہنچنے کے لیے بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کیا لیکن انہوں نے پوری قوم کو شعور دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اتنی جدوجہد کسی ایک شخص کے لیے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لیے کی۔

مہمند ڈیم کی تعمیر کے ٹھیکے پر اٹھنے والے سوالات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اس معاملے پر ضرور نظر ثانی کر رہے ہوں گے، حکومت بہت سے اچھے کام کر رہی ہے لیکن اس شور میں ہمارے اچھے کام نظر نہیں آ رہے۔

کس بنیاد پر سندھ میں حکومت گرانے کی باتیں کی جارہی ہیں، نواب علی وسان

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نواب علی وسان نے کہا کہ پاکستان سب کا ہے، کسی ایک کی جاگیر نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کہتی ہے اپوزیشن کی چیخیں نکل رہی ہیں جبکہ حقیقت میں حکومت کی اپنی چیخیں نکل رہی ہیں اور وہ جھوٹ کا سہارا لیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بہت زیادہ جلدی میں ہے، انہیں نہیں پتا ان کی حکومت کب تک رہے گی اس لیے یہ زیادہ سے زیادہ پیسہ کمانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی وزرا جس طرح سے باتیں کر رہے ہیں اس طرح کہیں نہیں ہوتا، یہ کس بنیاد پر سندھ میں حکومت گرانے کی باتیں کرتے ہیں ان کی تو پارٹی میں موجود ہی سب اتحادی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت دھمکیاں انہیں دے جو ڈرنے والے ہیں، ہمیں ڈرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، ہم ڈرنے والے نہیں۔


متعلقہ خبریں