بھارت میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کیے جانے کا سلسلہ تھم نہ سکا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: بھارتی حکام کی جانب سے نئی دہلی میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ نہ تھم سکا، بھارت میں پاکستانی سفارتکاروں کو ایک بار پھر ہراساں کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی حکام کی جانب سے ہائی کمشن حکام کے گھروں میں گیس اور پانی کے کنیکشن میں آنکھ مچولی کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکام کی جانب سے سفارتکاروں کے گھر آنے جانے والوں سے بھی مسلسل پوچھ گھ کی جاتی ہے جب کہ حال ہی میں ایک سفارتکار کا ای میل اکاؤنٹ ہیک کرنے کی کوشش کی گئی۔

پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق جی میل کی جانب سے ہیکرز کی لوکیشن بھارتی وزارت دفاع ساؤتھ بلاک نئی دہلی بتائی گئی ہے۔

پاکستانی ہائی کمشن نے ہراساں کرنے کو معاملے پراحتجاجی مراسلہ بھارتی دفترخارجہ کو ارسال کردیا ہے۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان میں تعینات بھارتی سفارتکاروں کو ہراساں کیے جانے کی خبروں کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ بھارتی سفارتی عملے کو اسلام آباد میں ہراساں کرنے کے الزامات بے بنیاد ہیں، پاکستان ویانا کنونشن کا احترام کرتا ہے۔

ہفتہ وار میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں بھارتی سفارت کار پوری آزادی سے کام کر رہے ہیں، پاکستان بنگلادیش میں انتخابات میں مداخلت کے الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

“وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے کامیاب غیرملکی دورے کیے”

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے 110 روز میں متحرک اور کامیاب ڈپلومیسی کی۔

ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور چین کے کامیاب دورے کیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ اور سیکرٹری خارجہ نے چار ملکوں کا دورہ کیا۔ وزیر خارجہ نے خطے کی اقتصادی اور معاشی صورتحال میں بہتری کے لیے  بیرون ممالک کے دورے کیے۔

ہفتہ  وار بریفنگ سے  خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ میں آج سے دو روزہ سفرا کانفرنس شروع ہورہی ہے، وزیر اعظم عمران خان بھی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

سفرا کانفرنس میں وزیر خزانہ، سرمایہ کاری سمیت دیگر اہم عہدیدار شریک ہوں گے۔

پاکستان خطے میں امن قائم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتا رہے گا

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ کرتار پور راہداری کے پاکستانی اقدام کو دنیا بھر میں سراہا گیا۔

چینی سفارتخانے کی جانب جانے والے راستوں کی بندش سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ  کہ انہیں اس معاملے کا علم نہیں، اس معاملے کو دیکھ کر اس پر مزید کوئی اقدام اٹھایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ ماہ کے دوران حکومت نے خارجہ پالیسی میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں،پاکستان خطے میں امن قائم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتا رہے گا۔

بھارتی جیلوں میں قید پاکستانیوں کے حوالے ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ 341 پاکستانی بھارتی جیلوں میں قید ہیں، سزا پوری کرنے والے 45 قیدی ہیں جن میں 12 سول جبکہ 33 مچھیرے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سزا پوری کرنے والے قیدیوں کی واپسی کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں اور اس کے لیے پاکستانی ہائی کمیشن نے بھارت میں قانونی ٹیم کی مدد حاصل کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ روس نے افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

پاکستان مقبوضہ کشمیر کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا

انہوں نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں تازہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں چھ شہری شہید ہوئے ہیں۔ انہوں نے اقوام عالم بھارتی افواج کے ظلم و ستم کا نوٹس لینے کی درخواست بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ سال 2018 میں بھارت کی جانب سے 500 سے زیادہ کشمیریوں کو شہید کیا گیا، جدہ اور امریکہ کی کانفرنس میں پاکستان نے اس معاملے کو اٹھایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ او ایس ای ایچ آر کی تفصیلی رپورٹ وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر موجود ہے، یورپین پارلیمنٹ میں ہونے والی سماعت میں بھی یہ معاملہ اٹھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا معاملہ ایک اہم مقصد ہے جس کے لیے پاکستان آواز اٹھاتا رہے گا۔


متعلقہ خبریں