اسلام آباد: پاکستانی مزاحیہ فنکارہ فائزہ سلیم نے اپنی شادی پر مداحوں کو پیغام دیا ہے کہ اپنی شادی کو خوب انجوائے کیا جائے۔
فائزہ نے سوشل میڈیا پر اپنی شادی کی تقریبات کی تصاویرو ویڈیوز شئیر کیں جس میں انہیں ڈانس کرتے اور انجوائے کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
پاکستانی مزاحیہ فنکارہ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ انہوں نے اپنی شادی پربھرپور انجوائے کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ جس کے لیے انہوں نے اپنی والدہ سے اجازت لی اور اس بات کی پرواہ نہیں کی کہ لوگ کیا کہیں گے۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ انہوں نے اپنے شوہر کے ساتھ بات چیت کرکے اور باہمی رضامندی سے اپنے نکاح نامے کی شقیں بھی پر کیں۔
فائزہ نے بتایا کہ انہوں نے اپنے شادی پر ایک کامیڈین نائٹ کا بھی انعقاد کیا جس کی ساری تیاریاں اور تقریب کی میزبانی بھی فائزہ نے خود کی۔ اس میں ان کے کامیڈین دوست پیش پیش رہے تاہم ساتھ ہی فائزہ نے ہ بھی لکھا کہ ہوسکتا ہے یہ کوئی اچھا خیال نہ ہو۔
انہوں نے لکھا کہ کامیڈین نائٹ کا انعقاد ان کی مہندی پر کیا گیا اور وہ اپنے دوستوں کے ساتھ ڈانس میں پیش پیش رہیں جبکہ انہوں نے اپنے خاوند اور دوستوں کے جوتے پہن کر بھی ڈانس کیا۔
فائزہ لکھتی ہیں کہ عموما لڑکیاں اپنی شادی پر خوش نہیں ہوتیں لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیئے۔ جب سب خوش ہوں تو وہ کیوں خوش نہ ہوں۔ انہوں نے لکھا کہ کوئی مجھے اس بات کی ہدایت نہیں دے سکتا کہ مجھے کب، کہاں اور کیسے اپنے جذبات کا اظہار کرنا ہے۔ اگر کوئی آپ کی خوشی میں خوش نہیں ہوتا تو یہ بہت غلط اور مایوس کن بات ہے۔
آخری میں انہوں نے لکھا کہ وہ دعا گو ہیں کہ وہ اور ان کے شوہر ابوذر ہمیشہ اسی طرح خوشیاں جاری رکھیں۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ خوش مزاج دلہنیں ہر کسی کو خوش کرسکتی ہیں۔
انہوں نے اپنے مداحوں سے نیک تمناؤں اور دعاؤں کی درخواست بھی کی۔
واضح رہے فائزہ سلیم کی شادی کی تقریبات جاری ہیں۔