دھمکیوں کے ذریعے نیب کو خاموش نہیں کرایا جاسکتا، چیئرمین نیب

فائل فوٹو


اسلام آباد: چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ دھمکیوں کے ذریعے نیب کو خاموش نہیں کروایا جاسکتا ہے۔ ملک سے کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب خیبرپختونخوا (کے پی) کا دورہ کیا۔ جہاں ڈی جی نیب کے پی نے چیئرمین نیب کو بریفنگ دی۔

چیئرمین نیب نے نیب کے پی کو میگا کرپشن کے مقدمات جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نیب کے خلاف منظم پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے تاہم نیب اپنی کارکردگی سے ہر طرح کے مخالف پراپیگنڈے کا مقابلہ کرے گا۔

چیئرمین نیب نے پراسیکیوٹرز کے کنٹریکٹ میں کارکردگی کی بنیاد پر توسیع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پراسیکیوٹرز کے لیے پالیسی میں تبدیلی کر دی ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 40 پراسیکیوٹرز کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دے دی گئی ہے اور پراسیکیوٹرز کو سالانہ کے بجائے ماہانہ کی بنیاد پر نوکری میں توسیع دی گئی ہے جب کہ توسیع پانے والوں میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف ریفرنس دائر کرنے والی قانونی ٹیم بھی شامل ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایک ایڈیشنل، دو ڈپٹی پراسیکیوٹرز جنرل اور اسپیشل پراسیکیوٹرز بھی ماہانہ بنیادوں پر نوکری کریں گے۔

واضح رہے کہ سال 2018 کا بہترین نیب پراسیکیوٹر کا سرٹیفکیٹ پانے والا بھی نئی پالیسی کی بھینٹ چڑھ گیا ہے، صدر مملکت عارف علوی نے گزشتہ ماہ ہی عرفان بھولا کو بہترین پراسیکیوٹر کا ایوارڈ دیا تھا۔


متعلقہ خبریں