کراچی: میئر کراچی اور متحدہ قومی موونٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما وسیم اختر نے کہا ہے کہ سابق وفاقی حکومت نے شہر قائد کو کافی کچھ دیا مگر موجودہ وفاقی حکومت کراچی کو اب تک کچھ نہیں دے سکی۔
سوموار کے روز فیڈریشن ہاؤس میں تاجروں سے بات چیت کرتے ہوئے میئر کراچی کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے شہر کو کئی بڑے منصوبے دیے لیکن موجودہ وفاقی حکومت اب تک کراچی کے لیے کوئی منصوبہ بندی یا اعلان نہیں کر سکی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تقریری مقابلے تو بہت کیے لیکن کام نہیں کیا، اب تقریر کا وقت بھی نہیں رہا۔
وفاقی حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ جب کبھی دیگر ممالک کے میئرز سے ملاقات ہوتی ہے تو میرے پاس بولنے کے لیے کچھ نہیں ہوتا، وہ تمام میئرز جب آپس میں اسمارٹ سٹی کی بات کرتے ہیں تو میں گٹر کے ڈھکن لگانے کا سوچ رہا ہوتا ہوں اور یہ بھی خیال آتا ہے کہ میں تو سیلفی کھنچوانے کے کام آتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح کراچی میں امن بحال ہوا ہے اسی طرح ترقی کے لیے آپریشن نہیں کیا گیا، افسوس ہے کہ ہم نے شہر قائد کو سیاست کی نظر کر دیا ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں میں نے اپنی ہی پارٹی سے مخالفت مول لے لیے۔