کراچی : بین الاقوامی کتب میلے میں عوام کی دلچسپی


کراچی: شہر قائد میں 14واں بین الاقوامی کتب میلہ ایکسپو سینٹر میں جاری ہے جس میں عوام خاص کر مختلف اسکول کے طلبا خاصی دلچپسی لے رہے ہیں۔

میلے میں دنیا بھر سے مختلف موضوعات پر کتابیں رکھی گئی ہیں اور ان کشش کتابیں پڑھنےوالوں کو یہاں کھنیچ لائی ہے۔ اس میلے میں بچوں کے لیے درسی کتب کے علاوہ معلومات کے حوالے سے بھی کتابیں رعایتی قیمت پر دستیاب ہیں۔

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اساتذہ کا کہنا تھا کہ بچے کتابوں سے دور اور سوشل میڈیا سے قریب ہوتے جا رہے ہیں۔ اسی لیے اس طرح کے ایونٹس کا ہونا ضروری ہے۔

دوسری جانب بچوں کا کہنا تھا کہ ہر برس وہ اس ایکسپو کا شدت سے اتنظار کرتے ہیں تاکہ اپنی من پسند کتابیں خرید سکیں۔

14واں بین الاقوامی کتب میلہ جمعہ کے روز ایکسپو سینٹر کراچی میں شروع ہوا جو پانچ دن تک جاری رہے گا۔ عالمی کتب میلے میں 17 ممالک کے تقریباً 40 ادارے حصہ لے رہے ہیں جبکہ میلے میں پبلشرز اور بک سیلرز کے لیے ایکسپو سینٹر میں 330 اسٹال مختص کیے گئے ہیں۔

25 دسمبر تک جاری رہنے والے عالمی کتب میلے کا افتتاح سندھ وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے کیا۔

کراچی بین الاقوامی کتب میلے میں کئی غیرملکی پبلشرز شریک ہوئے ہیں جبکہ سنگاپور، ملیشیا، ترکی اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے پبلشرز کی کتب ایونٹ کا حصہ ہیں اورا سٹالز پر موجود ہیں۔ اس کے علاوہ کئی نئی کتابوں کی تقریب رونمائی بھی کتب میلے میں کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ 2005 سے لگاتار منعقد ہونے والے کراچی بین الاقوامی کتب میلے کو پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی میلے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ہر سال  یہ عالمی میلہ پاکستان بھر کے لاکھوں طلبہ، والدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی خاص توجہ کا مرکز بنتا ہے۔


متعلقہ خبریں