مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت، ضلع پلواما میں مکمل کرفیو

فوٹو: فائل


سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ قابض بھارتی فوج نے ضلع پلواما میں مکمل کرفیو نافذ کر دیا ہے۔

کشمیر میڈیا کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع پلواما میں نام نہاد آپریشن کی آڑ میں کشمیری نوجوانوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے باعث شہید ہونے والے نوجوانوں کی نماز جنازہ میں لوگوں کی شرکت سے روکنے کے لیے بھارتی فوج نے ضلع میں مکمل کرفیو نافذ کر دیا تاہم اس کے باوجود ہزاروں افراد نے کشمیری نوجوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

نوجوانوں کی شہادت کے خلاف مشتعل کشمیریوں نے بھارتی فوج کی جارحیت کے خلاف احتجاج کیا اور آزادی کے حق میں نعرے بھی لگائے۔

گیارہ نوجوانوں کی شہادت کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی گئی ہے اور کاروباری مراکز مکمل طور پر بند ہیں جب کہ قابض فوج کی جانب سے انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے۔

بھارتی قابض فوج نے پُرامن مظاہروں میں شریک مظلوم کشمیریوں پر بلااشتعال فائرنگ اور پیلٹس گنوں سے حملہ کر دیا تھا۔ جس کی وجہ سے گیارہ کشمیر شہید اور200 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ بھارتی قابض فوج نے نومبر میں اڑتالیس بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جن میں  تین خواتین اور دو بچے بھی شامل تھے جب کہ شہید ہونے والوں میں بڑی تعداد نوجوانوں کی تھی۔

گزشتہ ماہ بھارتی فوج کی فائرنگ، پیلٹس اور آنسو گیس کی شیلنگ سے 196 کشمیر شدید زخمی ہو گئے جب کہ حریت رہنماؤں سمیت 169 افراد کو بلا وجہ گرفتار کر کے حبس بے جا میں رکھا گیا۔

بھارتی فوج نے ماہ نومبر میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں مظلوم کشمیریوں کے 26 گھر بھی تباہ کیے تھے۔


متعلقہ خبریں