پی اے سی کا چیئرمین بنانے کا پیغام اچھا نہیں گیا، شیخ رشید



لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کا پیغام اچھا نہیں گیا ہے۔ عوام بے ایمانوں کا احتساب چاہتے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ بلی کو ہی دودھ کی رکھوالی پر بٹھا دیا گیا ہے۔ اگر شہاز شریف اگر دیاتندار ہیں تو پھر مسلم لیگ نون میں کوئی بھی بے ایمان نہیں ہے۔

وزیرریلوے نے کہا کہ شہبازشریف پروڈکشن آرڈر پر خاندان سے ملاقاتیں کرتے ہیں اور پھر خاندان والے معاملات طے کرانے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے والدہ کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے بعد گرفتار کر لیا گیا تھا اور میں سات سال تک کلاشنکوف کے کیس میں قید رہا لیکن کسی نے میرے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے تھے لیکن ہم کسی کو تنگ نہیں کریں گے لیکن جو مناسب ہوا وہی کریں گے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ میں بھولا نہیں ہوں اور پارلیمنٹ میں مجھ سے سینئر کوئی بھی نہیں ہے۔ وزیر اعظم عمران خان چوروں اور ڈاکوؤں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے دیکھنا چاہتے ہیں۔

شیخ رشید نے ٹرینوں کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ رحمان بابا ایکسپریس 23 دسمبر کو پشاور سے کراچی کے لیے روانہ ہو گی جب کہ ریلوے کے اپنے پیٹرول پمپس بنا کر ایک روپے روپے بچانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ٹرینوں کی آمدورفت سے متعلق ایک ایپ بھی بنا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں