حمزہ شہباز کو بیرون ملک جاتے ہوئے جہاز سےاتار لیا گیا

فائل فوٹو


لاہور: وفاقی  تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو دوحا جانے والی پرواز سے آف لوڈ کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز منگل کی صبح تین بجے  قطر ائیر ویز کی پرواز سے دوحا جارہے تھے کہ ایف آئی اے نے انہیں آف لوڈ کر دیا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کا نام ای سی ایل میں شامل ہونے کی بنا پر ان کو روکا گیا ہے۔

یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو(نیب) حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی تحقیقات کر رہا ہے اور حمزہ شہباز صاف پانی کیس میں بھی اپنا بیان ریکارڈ کرا چکے ہیں۔

مسلم لیگ نون کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کو امیگریشن کاؤنٹر پر بتایا گیا کہ اُن کا نام بلیک لسٹ میں شامل ہے۔ حمزہ شہباز کو آف لوڈ نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی وہ دہشت گرد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بتایا جائے حمزہ شہباز کا نام کس قانون کے تحت بلیک لسٹ میں شامل کیا گیا ہے وہ ایک ذمہ دار شہری اور سیاستدان ہیں۔

شریف فیملی کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز کسی ادارے یا نیب کو مطلوب نہیں ہیں۔ امیگریشن اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو براہ راست وزیر اعظم کنٹرول کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں