پاکستان کی تباہی کے ذمےدار گھروں سے نہ نکلیں، فواد چودھری

فوٹو: فائل


لندن: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف اس کی روح کے مطابق صحیح عمل نہیں ہو رہا ہے وگرنہ خورشید شاہ کا بیان ٹی وی پر نہ چل رہا ہوتا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ احسن اقبال کے دور میں پیسہ پاکستان سے نکل کر پارک لین آتا تھا اور ان کی ڈائریکشن سیدھی اسلام آباد سے پارک لین آتی تھی۔

وہ ہیتھرو ایئرپورٹ پر پاکستان روانگی سے قبل ذرائع ابلاغ سے بات چیت کررہے تھے۔ وہ پی آئی اے کی پرواز پی کے – 786 سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوں گے۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری جب وطن واپسی کے لیے ایئرپورٹ پہنچے تو لوگوں کی بڑی تعداد نے ان کے ساتھ سیلفیاں بنائیں اور خوشی کا بھی اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج اینٹی کرپشن ڈے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کےخلاف پالیسی پرسب کو عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی منزل پر پہنچ چکےہیں، اب معاشی منزل کی طرف سفرکرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج نیب نےمزید نوٹسزجاری کیے ہیں، ریاست درست سمت میں بڑھ رہی ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ کشمیر پرہمارا مؤقف بالکل واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرواعظ عمر فاروق سے رابطہ ہوا ہے، گلگت بلتستان کے معاملے پربات ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حریت کانفرنس کا مؤقف وزیراعظم تک پہنچایا ہے۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ حریت کانفرنس نے گلگت بلتستان کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر ہمارے سامنے رکھا ہے۔

وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ ہم ایمبیسی کے باہر احتجاج کیا کرتے تھے لیکن اب  پہلی بار ہمارے کارکنان ایمبیسی کے اندر آئے ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ احسن اقبال وغیرہ کی جرات کیسے ہوئی کہ وہ ایسے بیانات دیں؟ ان کا مشورہ تھا کہ جن کی وجہ سے پاکستان کی یہ حالت ہے انہیں دو تین سال گھروں سے نہیں نکلنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اگر بیمار ہیں تو اللہ انہیں صحت دے لیکن انہیں بیرون ملک منتقل کرنے کا کوئی پلان نہیں ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ ان کا دورہ اوورسیز نہایت کامیاب رہا ہے۔


متعلقہ خبریں