کراچی میں اے ٹی ایم پہ شہریوں کو لوٹنے والا گروہ گرفتار


کراچی: شہرقائد کے علاقے بفرزون میں اے ٹی ایم پر شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کے دو کارندے گرفتار کر لیے گئے۔ دونوں ملزمان کو اینٹی اسٹریٹ کرائم فورس نے رنگے ہاتھوں بروقت کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا۔

ہم نیوز کے مطابق ایس ایس پی ضلع وسطی نے بتایا ہے کہ اینٹی اسٹریٹ کرائم فورس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے۔ پولیس یہ بھی معلوم کرنے کی کوشش کررہی ہے کہ اے ٹی ایم پہ شہریوں کو نشانہ بنانے والا یہ گروہ دو رکنی ہے اوریا یہ کہ اس کےمزید کارندے بھی شہر میں متحرک ہیں؟

ملزمان کے متعلق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ کراچی کے ضلع وسطی میں بفرزون کے علاقے میں زیادہ تر وارداتیں کرتے تھے اوران کا نشانہ زیادہ تر وہ افراد بنتے تھے جو اے ٹی ایم سے پیسے نکلواتے تھے۔

ایس ایس پی ضلع وسطی نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ملزمان اس سے قبل بھی گرفتار ہوچکے ہیں اور تین مرتبہ جیل بھی جا چکے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ نارتھ ناظم آباد، حیدری، گلبرگ، یوسف پلازہ، مدینہ کالونی اور سعید آباد میں بھی وارداتیں کرچکے ہیں۔ ملزمان نے گرفتاری کے بعد ضلع غربی میں بھی ڈکیتی کی واردات کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پولیس نے ملزمان کے ہاتھوں لٹنے والے متاثرہ شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملزمان کی شناخت میں تعاون کریں۔

 


متعلقہ خبریں