آئی جی تبادلہ کیس، اعظم سواتی کو جواب جمع کرانے کی مہلت

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اعظم سواتی کو تحریری جواب جمع کرانے کے لیے عدالت نے آج رات تک کی مہلت دے دی۔

سپریم کورٹ میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد تبادلہ کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت سے تحریری جواب جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کی۔

چیف جسٹس نے اعظم سواتی سے استفسار کیا کہ آپ نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ تو دیکھ لی ہو گی۔

اعظم سواتی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ہم جے آئی ٹی رپورٹ دیکھ اور اس کا جائزہ لے چکے ہیں۔

عدالت نے اعظم سواتی کو آج رات تک جواب جمع کرانے کا وقت دیتے ہوئے سماعت بدھ تک ملتوی کر دی۔

کیس کی سماعت کے بعد جب اعظم سواتی عدالت سے باہر آئے تو صحافیوں نے اُن سے استعفیٰ سے متعلق سوالات کیے تاہم وفاقی وزیر نے صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالات پر کوئی جواب نہیں دیا اور روانہ ہو گئے۔

گزشتہ سماعت میں اعظم سواتی کے خلاف جے آئی ٹی سپریم کورٹ میں پیش کی گئی تھی جس میں اعظم سواتی کو اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر قصور وار قرار دیا گیا۔


متعلقہ خبریں