پاکستان اسٹیل مل کی اربوں روپے کی زمینوں پر قبضے کا انکشاف

فائل: فوٹو


اسلام آباد: پاکستان اسٹیل ملز کی آڈٹ رپورٹ میں اربوں روپے کی زمین پر قبضے کا انکشاف ہوا ہے۔

پاکستان اسٹیل ملز کی آڈٹ رپورٹ کے مطابق اسٹیل مل کی 344 ایکڑ زمین پر نامعلوم افراد نے گزشتہ کئی سالوں سے قبضہ کر رکھا ہے، جس کی مالیت تقریباً پانچ ارب 16 کروڑ روپے ہے۔

زمینوں پر اسٹیل مل کی سیکیورٹی کی موجودگی کے باوجود سال 2007 سے سال 2010 کے درمیان قبضہ کیا گیا۔

اسٹیل مل کی قبضہ کی گئی زمینیں پیر سرہندی گوٹھ، میاں خان گوٹھ، فوٹو گوٹھ، علی اکبر گوٹھ اور عباسیہ سوسائٹی میں موجود ہیں۔ فوٹو گوٹھ میں اسٹیل مل کی 134 ایکڑ اراضی پر قبضہ ہے جب کہ عباسیہ سوسائٹی میں 100 ایکڑ زمین پر قبضہ مافیا برا جمان ہے۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق اسٹیل مل کی زمینوں پر قبضہ انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے ہوا ہے جب کہ اب تک ذمہ داروں کے تعین کے لیے کوئی تحقیقات نہیں کی گئی ہے۔

قومی اسمبلی کی ذیلی کمیٹی نے جنوری 2018 میں وزارتی سطح پر اسٹیل مل کی زمینوں پر قبضے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔


متعلقہ خبریں