وزیراعظم کا گورنر ہاؤس لاہور کی دیواریں گرانے کا حکم


لاہور:وزیرا عظم عمران خان نے گورنر ہاؤس لاہور کی دیواریں گرانے کا حکم دے دیا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر آئندہ 72 گھنٹے میں گورنر ہاؤس کی دیواریں گرادی جائیں گی۔

وزیر اعظم عمران خان نے آج لاہور میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ون آن ون ملاقات کے بعد صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی جہاں انہیں وزراء نے 100 روزہ کارکردگی اور آئندہ کے اہداف سے متعلق آگاہ کیا۔

بعد ازاں صوبائی وزیر اطلاعات کا فیاض الحسن چوہان کا ایوان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے آج لاہور کا ایک روزہ دورہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے دورے کے دوران پنجاب حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور وزیراعظم نے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی ایم سیکرٹریٹ کا خرچہ پہلے 55 لاکھ روپے ماہانہ تھا جو اب کم ہو کر 8 لاکھ روپے ہو چکا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا گورنر ہاؤس کوئی تاریخی جگہ نہیں، ایک آفس ہے اور وزیراعظم عمران خان نے گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانے کا حکم دے دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ٹرانسفر پوسٹنگ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ٹرانسفر پوسٹنگ میں کسی وزیر کا نام نہیں آنا چاہیے۔


متعلقہ خبریں