دسمبر آتے ہی سردی کی شدت میں اضافہ


اسلام آباد: ماہ دسمبر کے پہلے ہی روز ملک اکثر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں مزید خشک سردی پڑنے کا اندیشہ ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ شب ہلکے بادلوں کے ساتھ سرد ہوائیں چلنے سے سردی کی لہر میں اضافہ ہوا تاہم صبح کے وقت سخت دھوپ نکلی ہوئی تھی اور درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

دسمبرکے آغازکے ساتھ ہی کراچی میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ہفتہ کی صبح شہر کا درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی کو موسم آئندہ دو روز تک خشک اور سرد رہے گا۔

فوٹو : ہم نیوز

پنجاب اور کشمیر کے اکثر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم لیہ اور کوٹ ادو میں شدید دھند پڑی ہوئی ہے جس کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہوکر رہ گئی ہے۔ دھند اور شدید سردی کی بدولت ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں ہفتہ تا سواموار موسم سرد اور خشک رہے گا اور سب سے زیادہ سردی زیارت میں پڑ سکتی ہے جہاں کا درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور سرد رہا۔ سب سے زیادہ سردی سکردو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں