حکومت اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی لے گی، وزیر مذہبی امور

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اسلامی نظریاتی کونسل سے بھرپور رہنمائی لینے کی خواہشمند ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ  کونسل کی قابل عمل سفارشات پر فی الفور عمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے مدینہ ریاست کے فلسفے پر اسلامی نظریاتی کونسل سفارشات پیش کرے گی، مذہبی امور، قانون انصاف، داخلہ، تعلیم اور پارلیمانی امور کی وزارتیں مسلسل اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی لیتی رہیں گی۔

وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبران کرتار پور میں سکھوں کا استقبال بھی کریں گے۔

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا، بدقسمتی سے ملک اپنی بنیاد پر قائم نہ رہا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی خواہش ہے پاکستان کو ریاست مدینہ کو مشعل راہ بنا کر ریاستی امور چلائے جائیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ آئین نے اسلامی نظریاتی کونسل کو امور سلطنت میں اہم اختیار دیا ہے، ماضی میں اسلامی نظریاتی کونسل کو نظرانداز کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں محبت کی فضا کی کمی ہے، تمام مکاتب فکر کے علماء کی موجودگی میں اسلامی نظریاتی کونسل قومی یکجہتی میں اہم کردار ادا کرے گی، اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبران کو پارلیمنٹ بلائیں گے تاکہ وہ قانون سازی کو دیکھ سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت بلاسود بینکاری کے آغاز سے اسلامی معاشی نظام کا آغاز کرے گی۔

اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس

واضح رہے طلاق ثلاثہ کو قابل تعذیر جرم قرار دینے کے  معاملے پر اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس  چئیرمین نظریاتی کونسل قبلہ ایاز کی زیرصدارت آج منقعد ہوا۔

اجلاس کے ایجنڈے میں اسلامی اور فقی مسائل کے حوالےسے 17 نکات شامل تھے۔

چئیرمین نظریاتی کونسل کی زیرصدارت طلب کیے گئے اجلاس میں خواتین کے شناختی کارڈز میں باربار تبدیلی کا مسئلہ اور خواتین کی وارثت سے متعلق قوانین میں ترامیم وتجاویز بھی زیر غور آئیں۔

پنجاب میں صدقات پرپابندی، انتخابی امیدواروں سے دینی وقومی تقاضوں کی پاسداری کا حلف اور شرعی نقطہ نظر بھی ایجنڈے کا حصہ تھے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس میں مروجہ قوانین کی اسلامی تشکیل اور اسلامی نظریاتی کونسل کی قانونی نظریہ بارے تجاویز اور مقالات بھی زیر بحث آئے۔

چئیرمین نظریاتی کونسل کی زیرصدارت بلائے گئے اجلاس کے ایجنڈے میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا خط بھی شامل تھا۔


متعلقہ خبریں