تین دنوں میں 18 کشمیریوں کی شہادت، مقبوضہ وادی میں ہڑتال


سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں 18 کشمیریوں کی شہادت پر ہڑتال کی گئی جس کے دوران قابض فوج کی فائرنگ سے بچوں سمیت 50 افراد زخمی ہوگئے۔

ہم نیوز کے مطابق زخمیوں میں ننھی حبہ بھی شامل ہے جسے پیلٹ گن کا نشانہ بنایا گیا اور اب اس کی بینائی ختم ہونے کا خدشہ ہے۔

اس علاوہ زخمیوں میں 18 ماہ کا ایک بچہ بھی شامل ہے۔ ضلع کلگام اور شوپیاں میں 30 نوجوان اور 6 طالب علموں کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

کشمیر میڈیا سرول (کے ایم ایس) کے مطابق مقبوضہ وادی میں کاروبار زندگی معطل ہے جبکہ ہڑتال کے باعث سڑکیں سنسان ہیں۔

کے ایم ایس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ تین روز کے دوران 18 کشمیریوں کو شہید کردیا گیا۔

معاملے پر حریت قیادت کا موقف ہے کہ بھارتی فوج نےمقبوضہ وادی میں ظلم کی حدیں پار کرلی ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ کچھ عرصے سے بھارتی درندگی میں اضافہ ہو گیا ہے اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے جب کہ اکثر موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی جاتی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق رواں سال 21 اکتوبر کو بھی کلگام میں بھارتی فوج کی جانب سے سرچ آپریشن کے دوران 14 سے زائد کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا تھا اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنشینل انڈیا (اے آئی آئی) کی جانب سے کلگام میں کشمیریوں کے قتل کے خلاف آزاد اور منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں