بیگنگ یا بیجنگ؟ ایم ڈی پی ٹی وی کو عہدے سے ہٹادیا گیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے دوران پاکستان ٹیلی ویژن کی اسکرین پر “بیجنگ” کے بجائے “بیگنگ (بھیک مانگنے)” کا نام نمودار ہونے پر ریاستی ٹیلی ویژن کے قائم مقام مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) حسن عماد محمدی کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت اطلاعات نے ان کی خدمات بطور قائم مقام ایم ڈی پی ٹی وی واپس لینے کا حکم جاری کیا ہے۔حسن عماد محمدی کو چند ہفتے قبل ہی اس عہدے پر فائز کیا گیا تھا۔

پیر کے روز وزیراعظم کے خطاب کے دوران پی ٹی وی کی اسکرین پر “بیگنگ” کا لفظ 20 سے 25 سیکنڈز تک موجود رہا جس کے اسکرین شاٹس تیزی سے سوشل میڈیا پر پھیل گئے اور ایک زوردار بحث شروع ہو گئی کہ کہیں یہ غلطی جان بوجھ کر تو نہیں کی گئی تھی۔ بعدازاں پی ٹی وی کی انتظامیہ نے اس غلطی پر ناظرین سے معذرت بھی طلب کی تھی۔

وزارت اطلاعات کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ہجوں کی غلطی کا حسن عماد محمدی کی برطرفی سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ یہ ایک روٹین کا معاملہ ہے۔

یاد رہے کہ عمران خان ماضی میں گزشتہ حکومتوں کے حوالے سے آئی ایم ایف سے لئے گئے قرضوں کے بارے میں بار بار بھیک مانگنا یا بیگنگ کے الفاظ استعمال کرتے رہے ہیں۔

منگل کے روز وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کے لئے ادائیگیوں کے توازن کا بحران ختم ہو چکا ہے، سعودی عرب کی امداد اور چین کی طرف سے ممکنہ امداد کی وجہ سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو چکا ہے۔

اس دوران آئی ایم ایف کا وفد ایک اور بیل آوٹ پیکج پر بات کرنے کے لئے دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ چکا ہے۔1980 کی دہائی سے لے کر اب تک آئی ایم ایف سے لیا گیا یہ 13واں بیل آوٹ پیکج ہو گا۔


متعلقہ خبریں