بریگزٹ کے ضمن میں برطانیہ کی کسٹم ڈیل کی تردید

برطانیہ کی بریگزٹ کے ضمن میں آل یو کے کسٹم ڈیل کی تردید|humnews.pk

لندن: برطانوی وزیراعظم کی جانب سے آل یو کے کسٹم ڈیل کو بریگزٹ کے تحت قانونی شکل دینے کی خبروں کی تردید کردی گئی ہے۔

برطانوی وزیراعظم کے دفتر نے اس حوالے سے شائع ہونے والی خبر کو محض افواہ قرار دیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا اصل مقصد متنازع آئرش سرحد کے مسئلہ کا حل تھا جو بریگزٹ کے مذاکرات میں واحد رکاوٹ ہے۔

خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے علیحدگی میں صرف پانچ ماہ رہتے ہیں تاہم مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔ اس کے باعث کاروباری سطح پر صورتحال میں شدید بے یقینی ہے۔ ان حالات میں مذاکرات میں پیش رفت سے متعلق کوئی بھی خبر برطانوی پاؤنڈ کی قیمت میں اتار چڑھاؤ لاسکتی ہے۔

اس سے قبل یورپی یونین نے تجویز دی تھی کہ پورے برطانیہ کے لیے پوسٹ بریگزٹ کسٹم معاملات کو ابھی روک دیا جائے۔ اس سے ناصرف برطانیہ کو نئے تجارتی قوانین کے سلسلے میں مدد ملے گی بلکہ شمالی آئرلینڈ کو بھی اپنے ہمراہ رکھنے کا موقع ملے گا۔


متعلقہ خبریں