گورنر سندھ سے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی ملاقات


کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے گورنر ہاؤس  سندھ میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران صوبہ میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول، سرمایہ کاری کے لئے دی جانے والی مراعات، وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں،وزیر اعظم کی جانب سے کراچی کے لئے اعلان کردہ ترقیاتی پیکج  اور اس پر ہونے والی پیش رفت سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے یہاں ہونے والی کوئی بھی سرگرمی ملک کی معیشت پر اثر انداز ہوتی ہے۔ امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے بعد یہاں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول میسر ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں سے شہر قائد کے انفرا اسٹرکچر میں نمایاں بہتری آئے گی۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ صوبہ کی تعمیر و ترقی کے لئے صوبائی حکومت اور بلدیاتی اداروں سے تعاون جاری رکھا جائے گا۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی حکومت پورے ملک کی یکساں ترقی کے وژن پر گامزن ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں نئے پاکستان کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہوگا۔

گورنر ہائوس آمد پر وزیر اطلاعات کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ بھی تھے۔


متعلقہ خبریں