لاہور، پنجاب حکومت کی ایئر ایمبولینس سروس سے متعلق اخراجات اور کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ منصوبہ انتہائی نگہداشت کے مریضوں کو فوری اور محفوظ طریقے سے ایک مقام سے دوسرے مقام تک منتقل کرنے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔
دستاویز کے مطابق رینٹل ایگریمنٹ کے تحت حاصل کی گئی دو ایئر ایمبولینسز اس وقت فعال ہیں اور خدمات انجام دے رہی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2024-25 کے دوران ایئر ایمبولینس سروس پر مجموعی طور پر 105 ملین روپے خرچ کیے گئے۔
پاکستان سے ایران ریلوے ٹریک کا جلد آغاز کیا جا رہا ہے، حنیف عباسی
اسی طرح مریضوں کی منتقلی کے مجموعی اخراجات 163 ملین روپے تک پہنچ چکے ہیں۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ یکم جنوری 2024 سے اب تک 254 مریضوں کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے مختلف اسپتالوں یا مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے دوران اب تک ایئرایمبولینس سروس پر 58 ملین روپے کے اخراجات کیے جا چکے ہیں۔ حکومتی رپورٹ میں اس منصوبے کی کارکردگی اور مالی پہلوؤں کو تفصیل سے پیش کیا گیا ہے۔
