اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کی امارات ایئر لائنز نے دبئی اسلام آباد روٹ پر دنیا کا سب سے بڑا مسافر بردار طیارہ اے 380 استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل سے قبل یہ طیارہ پاکستان کے کسی ایئرپورٹ پر لینڈ نہیں کر سکتا تھا چنانچہ پاکستان کے لیے امارات ایئرلائنز کی تمام پروازوں کے لیے بوئنگ 777 اور بوئنگ 777 ایکس سے بڑا کوئی طیارہ استعمال نہیں کیا جا رہا تھا۔
سول ایوی ایشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ امارات ایئر لائنز اب دبئی اسلام آباد پرواز نمبر ای کے 651 کے لیے مستقل بنیادوں پر اے 380 طیارہ استعمال کرے گی اور پہلی پرواز دس جولائی کو نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔