کراچی میں آج سے بارشیں، اربن فلڈنگ کا خدشہ


کراچی: محکمہ موسمیات کے مطابق بھارت میں24 گھنٹوں کے دوران  دو سو ترانوے  ملی میٹر بارش برسانے والا سسٹم آج سندھ میں داخل ہوگا۔

کراچی میں آج سے ہفتے تک تیز بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام کو خلیج بنگال سے مون سون ہوا کا کم دباؤ سندھ میں داخل ہوگا اور کراچی میں سوملی میٹر سے زائد بارش متوقع ہے۔

حیدرآباد میں بھی بادل برسیں گے ۔ موسلادھار بارش کے باعث کراچی اور حیدرآباد میں جمعہ اور ہفتہ کو اربن فلڈنگ کا  بھی خدشہ ہے۔ شہید بے نظیر آباد، سکھر، دادو اور لاڑکانہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سندھ میں تھرپارکر، عمرکوٹ، جامشورو، ٹنڈوالہ یار، ٹنڈومحمد خان، ٹھٹہ، بدین اور سانگھڑ میں بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کےاسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے جب کہ میڈیکل اورپیرامیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ  کردی گئیں ہیں۔

آج جنوبی پنجاب، سندھ اور مشرقی بلوچستان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر کے بعض اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، لیہ، ملتان اور بہاولنگر میں گرج چمک کےساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ بہاولپور اور ڈی جی خان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بارکھان، ژوب، خضدار، قلات، لسبیلہ، آواران اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے اکثر علاقوں میں بادل برسیں گے اور شام کو ملک بھر میں موسلادھار بارش ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے اکثر شہروں میں بارش ہو سکتی ہے۔


متعلقہ خبریں