چیئرمین پی اے سی کا فیصلہ پارٹی کرے گی،فواد چودھری


اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ضمنی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی اے سی کے حوالے سے فیصلہ پارٹی کرے گی۔

ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسی بھی حلقے میں کوئی انتظامی تبدیلی نہیں کی ہے اور نہ ہی ضمنی انتخابات میں کسی قسم کی سرکاری مداخلت ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان مسلم لیگ (ن) جیسے ضمنی انتخابات نہیں کرائیں گے۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں امیدواروں کے چناؤ کیلئے مقامی حالات کو مدنظر رکھنا پڑتا ہے۔ انہوں نے منعقدہ اجلاس کے حوالے سے کہا کہ آج اجلاس میں تمام امیدواروں کا تعارفی سیشن ہوا۔

فواد چودھری نے بتایا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت سیاحت کے حوالے سے بھی اجلاس ہوا۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ ملک بھر میں صفائی کے حوالے سے منظم مہم شروع کی جا رہی ہے۔

ان کا دعویٰ تھا کہ سرسبز و شاداب اور صاف پاکستان کی بنیاد رکھیں گے اورسرکاری خزانے کے تحفظ میں غیر سنجیدگی نہیں دکھا سکتے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں