کراچی میں مون سون کی دوسری جھڑی کا آغاز ، بارش جاری



شہر قائد کراچی میں مون سون کےدوسری جھڑی کی بارشوں کا آغاز ہو گیا ہے اورشہرکےمختلف علاقوں میں بارش کاسلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا دوسرا اسپیل گزشتہ سسٹم سے زیادہ مضبوط ہے اس دوران 36 سے 42 گھنٹے تک بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مون سون کی بارشوں کےدوسرے اسپیل کا خلیج بنگال میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ ڈیپریشن کی صورت میں وسطی بھارت کے قریب مدھیہ پردیش سےمسافت طےکرکے کراچی پہنچ گیا اوردیکھتے ہی دیکھتے شہرمیں بارش شروع ہوگئی۔

ائیرپورٹ ،شارع فیصل، گلستان جوہر، سعدی ٹاون، ایف بی ایریا، نارتھ ناظم آباد سمیت دیگرعلاقوں میں بارش کاسلسلہ وقفے وقفے سےجاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق عید کی صبح تک مون سون سسٹم کے اثرات کراچی سمیت سندھ میں برقرار رہ سکتے ہیں۔

پچھلے مون سون سسٹم نے اوسط 80 سے100 ملی میٹر بارش برسائی تھی جبکہ حالیہ سسٹم سو ملی میٹر سے زائد بارش برسا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق عید کے دوسرے اور تیسرے دن مطلع ابر آلود اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہنے سےموسم خوشگوار رہے گا۔

دوسری جانب لیٹس کلین کراچی مہم بھی جاری ہے اور اس سلسلے میں 5 برساتی نالوں کی صفائی کی جا رہی ہے۔

کے ایم سی، واٹر بورڈ اور کے الیکٹرک میں بھی  ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے  نگرانی کے لئے وزرا  کی ڈیوٹیاں لگا دیں ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ مون سون کی ہونے والی پہلی بارش کے بعد شروع ہونے والی لیٹس کلین کراچی مہم میں شہر کے 58 بڑے نالوں کی صفائی کا کام شروع کیا گیا ہے۔

کراچی میں  صوبائی وزیر سعید غنی، ضلع  شرقی اور کورنگی، مرتضیٰ بلوچ  ملیر اورغربی میں مرتضیٰ وہاب  جنوبی اور شہلا رضا ضلع  وسطی میں صورتحال کی نگرانی کریں گی۔

بلدیہ عظمی کراچی نے عملے کی چھٹیاں منسوخ اور اپنے زیرِ اہتمام اسپتالوں میں  ہنگامی حالت نافذ کردی ہے۔

اس کے علاوہ کے الیکٹرک نے پہلے ہی  بتا دیا کہ سیلابی صورتحال میں نشیبی علاقوں کی بجلی احتیاط  کے پیشِ نظر بند کردی جائے گی۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے  کہ کمشنر کراچی سمیت تمام اداروں سے درخواست کی گئی ہے کہ  بارش کے پانی کی نکاسی کا موثر انتظام کیا جائے۔

کراچی میں جاری بارش کے دوران کرنٹ لگنے کے دو واقعات رونما ہوچکے ہیں جس سےدوافراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔


متعلقہ خبریں