پاکستان 2030 تک خطے کی تیسری بڑی معاشی قوت ہوگا، محمد بن سلمان

February 18, 2019


اسلام آباد: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا ہے کہ 2030 تک پاکستان چین اور بھارت کے بعد بڑی معاشی قوت ہوگا۔

محمد بن سلمان نے پاکستان سے روانگی سے قبل وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ 2030 میں پاکستان چین اور بھارت کے بعد خطے میں بڑی معیشت ہوگی، پاکستان اپنے پڑوسیوں سے فائدہ اٹھاسکتا ہے اور قیادت موجود ہے جو درست سمت میں لے جاسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسا ہوتا نظر آرہا ہے کہ 2018 میں پاکستانی معیشت نے 5 فیصد ترقی کی۔ ہمیں یقین ہے کہ پاکستان میں بہت صلاحیت ہے اور یہ آسانی سے مستقبل میں بڑی معاشی قوت بن سکتا ہے۔

محمد بن سلمان نے کہا کہ ہمیں پاکستان پریقین ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تعلق ہے اور پاکستان کے ترقی کے سفرمیں اس کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔ اور آج جو ہم نے کیا ہے یہ آغاز ہے اور امید ہے کہ مستقبل قریب میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مزید معاہدے بھی ہوں گے۔

سعودی ولی کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیں گھر جیسا لگتا ہے۔ دورے کے دوران پاکستان اورسعودی عرب کلے درمیان تعلقات کو بہتربنانے کی کوشش کی۔ ہمیں پاکستان کے مستقبل پریقین ہے۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر سعودی ولی عہد کا شکر گزار ہوں جب کہ پاکستانی قوم آپ سے بہت محبت کرتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اگر آپ پاکستان سے انتخابات لڑیں تو مجھ سے بھی زیادہ ووٹ لے لیں گے۔

انہوں ںے کہا کہ جب بھی آپ پاکستان آئیں پاکستان کو اپنا گھر سمجھیں۔ سعودی عرب سے متعدد ایم او یوز پر دستخط کیے گئے ہیں۔ آپ کی طرف سے خود کو پاکستانی سفیر کہنا ہمارے لیے اعزاز ہے۔

سعودی ولی عہد کیلئے پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ

وزیر اعظم نے کہا کہ سوشل میڈیا پر آپ کے دورے کو بہت سراہا جا رہا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے رشتوں میں نئے زاویے پیدا ہوئے ہیں۔