پاکستان کوارٹرز معاملہ: تحریک انصاف، ایم کیوایم کے درمیان اختلافات


کراچی: صوبائی دارالحکومت کراچی کے پاکستان کوارٹرز سے مکینوں کی بے دخلی کے معاملے پرپاکستان تحریک انصاف اور ان کی اتحادی جماعت متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔

سرکاری کوارٹرز کے مکینوں کی بے دخلی پر پی ٹی آئی کے رہنما فردوس شمیم نقوی اورخرم شیر زمان کے متنازع بیانات پر ایم کیو ایم  نے ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ اس مسئلے پرایم کیو ایم نے تحریک انصاف کی قیادت سے رابطہ بھی کیا ہے۔

ایم کیو ایم کی جانب سے سخت در عمل کے بعد تحریک اںصاف کراچی کی قیادت پریشان ہو گئی  ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کراچی کی قیادت نےعوامی رد عمل سے بچنے کے لئے سیاسی سرگرمیاں منسوخ کردیں۔

ان کا کہنا ہے کہ رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے مصروفیات کو جواز بنا کر میئر کراچی سے ملاقات منسوخ کر دی جبکہ نومنتخب رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان نے بھی اپنی پریس کانفرنس منسوخ کردی۔

پاکستان کوارٹرز کے مکینوں نے سپریم کورٹ کے حکم پر ان کو سرکاری کوارٹرز سے بے دخلی کے خلاف شدید احتجاج کیا تھا۔

مکینوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایم کیوایم کی قیادت ںے بھی احتجاج میں شرکت کی تھی۔


متعلقہ خبریں