لاکھوں افراد مضر صحت پانی کے باعث مر رہے ہیں، چوہدری سرور


اسلام آباد: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا عمران خان کا ویژن ہی ہمارے لیے سب سے اہم ہے اور ان کا ویژن عوام کی بہتری ہے۔

ہم  نیوز کے پروگرام نیوزلائن میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں گیارہ لاکھ افراد مضر صحت پانی پینے سے جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میں موجود لوگ ایک صف پر ہیں اور مشاورت سے کام کررہے ہیں کیونکہ ہم ملکی مسائل حل کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں اور تمام وزارتیں چیف منسٹر کی سربراہی میں کام کررہی ہیں۔

پولیس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پولیس کا نظام پنجاب میں خوفناک حد تک خراب ہوچکا ہے لیکن اب ہر بھرتی میرٹ پرکی جائے گی۔

ندیم ڈیرے والے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ میڈیا نے اس حوالے سے غلط خبریں چلائیں کیونکہ ان کے ڈیرے پر کوئی فائرنگ نہیں ہوئی تھی۔ مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے ملک میں لوگوں کو اصل حقائق نہیں دیکھائے جاتے۔

ایک سوال کا جواب انہوں نے مشہور شعر کی صورت میں دیا، “ہم آہ بھی کرتے ہیں تو ہو جاتے ہیں بدنام، وہ قتل بھی کرتے ہیں تو چرچہ نہیں ہوتا”

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے عوام سے جو سب وعدے کیے ان کو پورا کریں گے، عوام کو پینے کا صاف پانی دیں گے،ہماری پالیسیاں عارضی مفادات کے لیے نہیں بلکہ طویل المدت ہوں گی۔ پنجاب میں تحریک انصاف کی اکثریت ہے۔

ضمنی انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست مختلف ہے اورضمنی انتخابات تھوڑے مشکل ہوتے ہیں اسی لیے حکمراں جماعت کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔


متعلقہ خبریں