پاکستان کوارٹرز: چیف جسٹس کا تین ماہ کیلئے آپریشن روکنے کا حکم


کراچی: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے حکم دیا ہے کہ کراچی میں پاکستان کوارٹرز کو خالی کرانے کا آپریشن تین ماہ کے لیے روک دیا جائے۔

سندھ پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ انہدام آپریشن کے دوران مکینوں اور پولیس کے درمیان ہوئے تصادم کی تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی سی آئی اے امین یوسفزئی اور ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی پر مشتمل کمیٹی بنا دی گئی ہے۔

پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انہدام کی کارروائی اعلیٰ عدلیہ کے حکم پر کی گئی اور پولیس کا کام متعلقہ ادارے کو تحفظ فراہم کرنا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مشتعل ہجوم نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس سے چار اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں محمد رضوان، منیر احمد، زمان عباس اور تنویراحمد شامل ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں پاکستان کوارٹرز خالی کرانے کے معاملے پر پولیس اور مکینوں کی ہنگامہ آرائی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کارروائی روکنے اور پولیس کی فوری واپسی کا حکم دیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے پولیس ایکشن روکنے کے لیے کراچی کیا اور پولیس کو فوری طور پر پاکستان کوارٹرز سے واپسی کاحکم  دیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے  پولیس چیف کو ٹیلی فون پر پیغام دیا کہ عوام کے ساتھ ایسا رویہ انتہائی تکلیف دہ ہے، یہ آپریشن عوام کی پریشانی کا باعث ہے۔

ایم کیو ایم رہنما نے فاروق ستار نے بھی پولیس آپریشن پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا  تھا کہ معصوم  شہریوں اور بزرگوں پر ظلم برداشت نہیں کریں گے۔ گورنر سندھ نے کہا تھا کہ بیٹھ کر اس مسئلے پر بات کریں گے تو پھر کیوں اس کو مقبوضہ پاکستان کواٹرز بنایا گیا؟

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو سوچنا ہو گا پولیس کی طرف سے کیا یہ پی ٹی آئی کے خلاف سازش ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ معصوم لوگوں کو بے گھر ہونے نہیں دوں گا۔ شیلنگ کے نتیجے میں معصوم لوگوں کے زخمی ہونے پر بہت تکلیف میں ہوں۔

قبل ازیں پاکستان کوارٹرز خالی کرانے کی ڈیڈ لائن کے آخری روز کوارٹرز مکینوں نے شدید احتجاج کیا، پولیس نے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔

پولیس آپریشن کے ردعمل میں مشتعل مظاہرین نے گارڈن روڈ کا ایک ٹریک ٹریفک کے لیے  بند کر دیا اور پاکستان کوارٹرز جانے والے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دیں، پولیس کی انسداد ہنگامہ آرائی فورس  نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار، عامر خان اور کنور نوید جمیل کے علاوہ  پی ٹی آئی کے  جمال صدیقی بھی مظاہرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان کوارٹرز پہنچے۔  پولیس کی بھاری نفری کو پاکستان کوارٹرز کے داخلی راستوں پر تعینات کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں