شیخ رشید کا کوئٹہ ریلوے پولیس میں 500 نئی بھرتیوں کا اعلان


کوئٹہ: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کوئٹہ ریلوے میں 500 پولیس اہلکاروں کی بھرتیاں کی جائیں گی، تمام اہلکاروں کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر ہونی چاہئیں۔ ہر قسم کی بھرتیاں میرٹ پر کی جائیں گی۔

کوئٹہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاں مسافر زیادہ ہوں گے وہاں ٹرین چلے گی، ریلوے کو لوگوں نے اپنے فائدے کے لیے استعمال کیا۔ ہر روز ٹرین کے نیچے آ کر ایک دو لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ جن ریلوے اسٹیشنز کو بہتر کرنے کا دعوی کیا تھا حقیقت میں ان پر ظلم کیا گیا۔ نارووال اسٹیشن پر 43 کروڑ خرچ کرنے کے باوجود اسے مکمل نہیں کیا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہرنائی سیکشن میں  ریلوے کو سیکیورٹی مسائل ہیں، ہرنائی سیکشن  میں ڈھائی ارب کی لاگت سے ٹریک بہتر کریں گے اور ایف سی کی مدد سے سیکیورٹی فراہم کریں گے۔

انہوں نے ایم ایل ون پر کراچی کوئٹہ ایکسپریس  ٹرین چلانے کا اعلان بھی کیا۔


متعلقہ خبریں