ڈپلومیٹک انکلیو میں ہنگامہ کرنے والی خاتون کو جیل بھیج دیا گیا


اسلام آباد: ڈپلومیٹک انکلیو میں ہنگامہ کرنے والی خاتون کو عدالت نے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا ہے۔

ڈپلومیٹک انکلیو میں گزشتہ روز ہنگامہ آرائی اور پولیس سے بدتمیزی کرنے والی خاتون ڈاکٹر شہلا سیٹھی کو اتوار کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

ملزمہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ میری مؤکلہ بیرون ملک سے کافی عرصے بعد پاکستان آئی ہیں جب کہ پولیس اہلکاروں نے رہنمائی کرنے کے بجائے دباؤ کا ماحول بنا دیا تھا۔ میری ملزمہ کل کی مریضہ ہیں اور دباؤ میں اُن کی ذہنی حالت مفلوج ہو جاتی ہے اس لیے اُن کا طبی معائبہ بھی کرایا جائے۔

ملزمہ کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ مقدمے میں درج تمام دفعات قابل ضمانت ہیں اس لیے اُن کی ضمانت منظور کی جائے تاہم عدالت نے ملزمہ کا پولی کلینک میں طبی معائنے کے بعد جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

ملزمہ ڈاکٹر شہلا سیٹھی کو آج صبح پولیس نے اُن کے گھر واقع ڈی ایچ اے راولپنڈی سے گرفتار کیا تھا، اُن کے خلاف ڈپلومیٹک انکلیو میں پولیس اہلکار سے بدتمیزی اور کارسرکار میں مداخلت کا مقدمہ اے ایس آئی طاہر فاروق کی مدعیت میں تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کیا گیا۔

ہفتے کو ڈپلومیٹک انکیو میں ڈاکٹر شہلا نے بغیر رجسٹریشن نمبر پلیٹ گاڑی روکنے پر پولیس اہلکاروں پرچڑھائی کر دی تھی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی تھیں۔


متعلقہ خبریں