سانحہ 12 مئی: تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس


کراچی: سانحہ 12 مئی کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کا پہلا اجلاس کراچی میں بلایا گیا، اجلاس کی صدرات ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر احمد شیخ نے کی۔

جے آئی ٹی کے اجلاس میں محکمہ انسداد دہشتگردی ( سی ٹی ڈی)،  اسپیشل برانچ اور حساس اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ہم نیوز کے مطابق اجلاس میں 12 مئی کے حوالے سے مخلتف تھانوں میں درج 63 مقدمات کی تفصیلات کا جائزہ لیا گیا۔ ان میں سے 50 مقدمات قتل کی دفعات کے تحت درج ہوئے ہیں۔

زونل ڈی آئی جیز نے تمام مقدمات کی کاپیاں کراچی پولیس آفس میں جمع کرا دیں۔ اجلاس کے دوران 12 مئی سے اب تک کی جانے والی گرفتاریوں کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس کے پاس موجود 12 مئی کی تمام سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی جمع کی جا رہی ہیں اور دیگر فوٹیجز کے لیے میڈیا سے مدد لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

سانحہ 12 مئی

12 مئی 2007 کو اس وقت کے معزول چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سندھ ہائی کورٹ کی 50 ویں سالگرہ منانے کراچی پہنچے تو مختلف مظاہروں اور ہنگامہ آرائیوں کے دوران ان کے استقبال کے لیے نکلے 50 سے زائد کارکنان کو قتل کیا گیا۔

افتخار محمد چوہدری کو فوجی صدر جنرل پرویز مشرف نے معزول کیا تھا۔  گیارہ سال گزر جانے کے بعد بھی سانحے کی تحقیقات مکمل نہیں ہو سکی تھیں، گزشتہ ماہ سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے اس کی تحقيقات کے ليے مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی (جے آئی ٹی) اور عدالتی ٹريبیونل تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں