کراچی: شادی ہالوں کو شب 12 بجے بند کرنے کی سفارش


کراچی: شہرقائد میں شادی ہالز، لانز اور بینکوئٹ شب 12 بجے بند کرنے کی سفارش کر دی گئی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے اس ضمن میں صوبائی وزارت داخلہ کو باقاعدہ خط لکھ دیا ہے۔

ہم نیوز کراچی کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کی جانب سے لکھے گئے خط میں درخواست کی گئی ہے کہ پابندی دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت لگائی جائے۔

خط میں مؤقف اختیارکیا گیا ہے کہ شادی ہالوں میں آدھی رات تک تقاریب چلتی رہتی ہیں اور ملزمان مہمانوں بالخصوص خواتین سے سونا و دیگر قیمتی سامان لوٹ لیتے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر شیخ نے صوبائی وزارت داخلہ کو بھیجے گئے خط میں کہا ہے کہ یہ استدعا میزبان اور مہمانوں کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر کی جا رہی ہے۔

خط میں درخواست کی گئی ہے کہ رات گیارہ بج کر 59 منٹ کے بعد ہال بند کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

ڈاکٹر امیر شیخ نے واضح کیا ہے کہ پابندی نہ کرنے والے شادی ہالز، بینکوئٹ اورلانز کے خلاف قانونی کارروائی کی جائےگی۔


متعلقہ خبریں