لیپ ٹاپ اسکیم میں کی گئی مبینہ کرپشن کے آڈٹ کا اعلان

کراچی، فہرست میں نام آنے کے باوجود مختلف جامعات کے طلباء کو لیپ ٹاپ نہ ملے

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈار کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کا چیئرمین تعینات کردیا گیا ہے جس کے بعد انہوں نے سابق دور حکومت میں لیپ ٹاپ اسکیم میں کی گئی مبینہ کرپشن کے آڈٹ کا اعلان بھی کردیا۔

وزیراعظم عمران خان نے نئی تعیناتی سے متعلق تعریفی کلمات میں کہا ہے کہ نوجوانوں کی نمائندگی کے لیے عثمان ڈار بہترین انتخاب ہیں اور یوتھ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کے لیے انقلابی اقدامات کیے جائیں گے۔

یوتھ پروگرام کے نومنتخب چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وزیراعظم نے جو اعتماد ظاہر کیا اس پر پورا اتروں گا۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے نوجوانوں کو صحیح معنوں میں با اختیار بنانے کا ٹاسک سونپا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو کامیاب روزگار اور بہترین ٹریننگز مہیا کرنا ترجیح ہوگی اور انہیں حکومتی سرپرستی میں ترقی کے مواقع دیں گے۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ مکمل تیاری کے ساتھ نوجوانوں کے لئے زبردست پالیسیز اور اسکیم لانچ کریں گے۔

عثمان ڈار نے عہدہ سنبھالتے ہی سابق دور حکومت میں لیپ ٹاپ اسکیم میں کی گئی مبینہ کرپشن کے آڈٹ کا اعلان بھی کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت میں لیپ ٹاپ مہنگے داموں خرید کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔

یاد رہے کہ سابق دورحکومت میں یہ عہدہ مریم نواز کے پاس تھا۔


متعلقہ خبریں